اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ، 25 من گوشت اور 50 گدھے برآمد، مقدمہ درج
اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے ترنول میں چھاپہ مار کر 25 من گدھے کا گوشت برآمد کرلیا جبکہ 50 سے زائد گدھے بھی برآمد کیے گئے جس کے بعد فوڈ اتھارٹی کی درخواست پر واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے تھانہ سنگجانی کی حدود سے گدھے کا گوشت اور زندہ گدھوں کی برآمدگی کا معاملہ پیش آیا جس کے بعد فوڈ اتھارٹی کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔ مقدمہ میں پولیس کی جانب سے ایک غیر ملکی کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
متن مقدمے کے مطابق ملزمان کے پاس حرام گوشت کی ترسیل اور اجازت نامے کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے۔ ملزمان سے برآمد گدھے کا گوشت تلف اور جہاں گدھے رکھے گئے تو اس جگہ کو سیل کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے بعد اسلام آباد میں بھی گدھے کا گوشت برآمد کرلیا گیا، اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کی جانب سے ترنول کے علاقے میں بڑی کارروائی کی گئی، اس دوران 25 من سے زائد گدھے کا گوشت قبضے میں لے لیا جبکہ موقع سے 50 سے زائد زندہ گدھے بھی برآمد ہوئے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق گوشت بیرون ملک سپلائی کیا جاتا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ملوث افراد کے خلاف فی الفور اندراج مقدمہ کا حکم دیا گیا جبکہ فوڈ اتھارٹی ٹیم کی جانب سے گوشت کو تلف کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر ڈاکٹر طاہرہ صدیق کا کہنا تھاکہ فوڈ اتھارٹی ٹیم کی جانب سے ٹوٹل 25 من گوشت برآمد کیا گیا اور موقع پر موجود ایک غیرملکی شہری کو پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
ان کا کہنا تھاکہ گوشت کن کن ایریاز میں سپلائی کیا گیا، تفتیش جاری ہے، شہر میں محفوظ غذا کی فراہمی کے لیے فوڈ اتھارٹی دن رات کوشاں ہے۔




