بالوں میں سیرم لگانے کا بہترین طریقہ کیا؟
خوبصورت بال ہر خاتون کی خواہش ہوتی ہے جس کیلئے خواتین کافی جتن بھی کرتی ہیں۔
آلودگی ناصرف ہمارے ماحول کو خراب کر رہی ہے بلکہ اس کے منفی اثرات ہماری صحت پر بھی پڑ رہے ہیں۔
آلودگی کی وجہ سے ہماری جلد اور ہمارے بالوں کی خوبصورتی وقت کے ساتھ ساتھ گھٹتی جا رہی ہے، جس کیلئے اب مہنگے پروڈکٹس کا استعمال بڑھتا جا رہا ہے۔
بالوں کا خیال رکھنے کیلئے مختلف سیرم کا استعمال کیا جاتا ہے تاکہ بالوں کی نشوونما اچھی ہو، بال چمکدار اور صحت مند نظر آئیں، جس کیلئے لوگ مہنگے مہنگے سیرم خریدتے ہیں تاہم لوگوں کو شاید یہ معلوم نہیں کہ سیرم کو گیلے یا خشک کون سے بالوں میں لگنے سے دگنے نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
سیرم کو استعمال کرنے کا طریقہ؟
بالوں کو اپنے من پسند شیمپو سے دھونے کے بعد اس پر کنڈیشنر لگایا جائے جس سے روکھے بالوں میں نرمی آجاتی ہے۔
اس کے بعد بالوں کو تولیے سے ہلکے ہاتھوں سے خشک کیا جائے اور پھر بالوں کے صرف درمیان سے لے کر نچلے حصہ تک سیرم کو لگایا جائے۔
یاد رہے کہ سیرم کو جڑوں میں لگانے سے گریز کرنا چاہیے۔
سیرم کو گیلے بالوں میں لگانا مفید ہے یا خشک؟
اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ سیرم کے دیرپا فوائد حاصل کریں، بال دیر تک نرم اور چمکدار رہیں تو آپ گیلے بالوں میں سیرم کا استعمال کرسکتے ہیں، یہ بالوں میں قدرتی نمی کو برقرار رکھے گا۔
اس کے علاوہ یہ سیرم آپ کے بالوں کو دھوپ، گرمی، فضائی آلودگی سے بھی بچانے میں مدد دے سکتا ہے۔
دوسری جانب آگر آپ کے پاس وقت کم ہو اور آپ اپنے کام پرجلدی جانا چاہتے ہیں تو ایسی صورت میں خشک بالوں میں بھی سیرم لگایا جاسکتا ہے جس سے آپ کے بے جان بالوں میں جان آسکتی ہے۔
خشک بالوں میں سیرم لگانے سے یہ آپ کے بالوں کی اندر تک نشونما تو نہیں کرے گا البتہ وقتی طور پر خشک بالوں کو بہتر کر سکتا ہے۔




