براق اوزچیویت کی کورولش عثمان سے غیر متوقع علیحدگی، سیریز کے مستقبل پر سوالات اٹھنے لگے
چھ سیزنز تک "عثمان بے” کا مرکزی کردار نبھانے والے براق اوزچیویت نے سیریز چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔اداکار اور پروڈکشن ٹیم کے درمیان معاوضے پر اختلافات علیحدگی کی وجہ بنے۔
ترک تاریخی سیریز کورولش عثمان کے مداحوں کو اس وقت شدید حیرت کا سامنا کرنا پڑا جب معروف اداکار براق اوزچیویت نے اچانک سیریز سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔
چھ سیزنز تک "عثمان بے” کے کردار کو اپنی شاندار اداکاری سے زندہ رکھنے والے اداکار نے یہ اعلان انسٹاگرام پر ایک جذباتی اسٹوری کے ذریعے کیا۔
رپورٹس کے مطابق، براق اوزچیویت نے نئے سیزن کے لیے فی قسط 40 لاکھ ترک لیرا کا مطالبہ کیا، جو پروڈکشن ٹیم کے لیے ناقابلِ قبول ثابت ہوا۔
اس مالی اختلاف نے معاملے کو اس حد تک پہنچا دیا کہ دونوں فریقین نے ایک دوسرے کو سوشل میڈیا پر ان فالو بھی کر دیا۔
انسٹاگرام پر اپنی اسٹوری میں براق اوزچیویت نے لکھا:”الوداع کہنا ایک عظیم خوبی ہے۔انہوں نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سیریز سے اپنی محبت اور وابستگی کو یادگار انداز میں بیان کیا”۔
ابھی تک پروڈکشن ٹیم کی جانب سے یہ اعلان نہیں کیا گیا کہ "عثمان بے” کے کردار کو اب کون ادا کرے گا، جس کے باعث شائقین میں بے چینی اور تجسس بڑھ گیا ہے۔
واضح رہے کہ براق اوزچیویت کو ترکیے کے مہنگے ترین اداکاروں میں شمار کیا جاتا ہے، اور وہ سیریز میں فی قسط تقریباً 40 ہزار یورو معاوضہ وصول کر رہے تھے۔
دیگر کاسٹ کے معاوضے اس کے مقابلے میں 15 سے 30 ہزار یورو کے درمیان ہیں۔




