بھارت کا کھیلنے سے انکار، پاک ٹیم کا ردعمل سامنے آگیا
بھارتی کرکٹ ٹیم نے ایک بار پھر روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرکٹ کو سیاست کی نذر کر دیا اور انگلینڈ میں جاری ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) میں پاکستان کے خلاف میدان میں اترنے سے انکار کر دیا۔
بھارت کی جانب سے میچ سے دستبرداری کے باعث شیڈول مقابلہ منسوخ کر دیا گیا، جس پر پاکستان چیمپئنز ٹیم کا ردِ عمل بھی سامنے آیا ہے۔
ٹیم کے مالک کامل خان نے اس فیصلے پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی طرف سے میچ منسوخ کرنا کھیل کی روح کے منافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے نے نہ صرف کھیل کی روح کو نقصان پہنچایا بلکہ دنیا بھر کے شائقینِ کرکٹ کو بھی مایوس کیا۔
کامل خان نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ کرکٹ کو سیاسی اختلافات سے بالاتر ہونا چاہیے، کھیل کو یہ منفرد طاقت حاصل ہے کہ وہ لوگوں کو متحد کرتا ہے۔
اس ٹورنامنٹ میں ہماری شرکت امن، مثبت سوچ اور کھیل کی اصل روح سے وابستگی کی بنیاد پر ہے۔
پاکستان چیمپئنز کے اونر کا مزید کہنا تھا کہ اس رکاوٹ کے باوجود، ہم اسی جذبے، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ انداز کے ساتھ آگے بڑھیں گے جو ہماری ٹیم کی پہچان ہے۔
ہم اپنے ملک کے سفیر ہیں اور پاکستان کی نمائندگی عزت اور دیانتداری کے ساتھ کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی کھلاڑیوں کی ہٹ دھرمی کے باعث ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) میں پاکستان اور بھارت کے سابق کرکٹرز کے درمیان طے شدہ ٹی ٹوئنٹی میچ منسوخ کر دیا گیا تھا۔
منتظمین کے مطابق شیکھر دھون، عرفان پٹھان اور ہربھجن سنگھ سمیت دیگر بھارتی کھلاڑیوں نے ’پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جغرافیائی سیاسی کشیدگی‘ کو جواز بناتے ہوئے میچ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔




