سینیٹ کی مخصوص نشستوں کے لیے خیبر پختونخوا اسمبلی اجلاس تاخیر کا شکار، ملتوی ہونے کا خدشہ
خیبر پختونخوا اسمبلی میں سینیٹ کی مخصوص نشستوں کے لیے آج طلب کیا گیا اجلاس تاخیر کا شکار ہے، جبکہ کورم پورا نہ ہونے کے باعث اجلاس ملتوی ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن ارکان کی اسمبلی آمد جاری ہے، تاہم حکومتی بینچوں سے اب تک صرف ایک رکن، عبدالسلام، اجلاس میں پہنچے ہیں۔
خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اجلاس شروع ہونے کے بعد کورم کی نشاندہی پر اسے ملتوی کر دیا جائے گا۔
جس کے باعث مخصوص نشستوں پر حلف برداری کا عمل بھی تعطل کا شکار ہو سکتا ہے۔
اس حوالے سے اپوزیشن لیڈر کے پی اسمبلی ڈاکٹر عباد اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی اجلاس میں اگر کورم کی نشاندہی کی گئی تو ہمارے پاس آپشن ہے۔
حلف برداری ہو گی، اگر نہیں ہوتی تو یہ پی ٹی آئی ہے کچھ بھی ہو سکتا ہے۔
ڈاکٹر عباد اللہ نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں اپوزیشن اور حکومت کا فارمولا طے ہے، اگر آج یا کل حلف نہ لیا گیا تو عدالت جائیں گے۔
دوسری جانب وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے پارلیمانی پارٹی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کو فی الحال اسمبلی ہال نہ آنےکی ہدایت کی گئی ہے، پارلیمانی پارٹی اجلاس میں اہم فیصلہ کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر کے پی سجاد بارکوال کا کہنا ہے کہ حلف برداری اسپیکر کاکام ہے، حکومتی ارکان کواجلاس کا مراسلہ ملا ہے ہم آئیں گے۔
ہماری پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوگا، اس کے بعد لائحہ طے کریں گے۔




