فریج کی سجاوٹ یا صحت سے کھلواڑ؟ نیا ٹرینڈ ماہرین کی نظر میں خطرناک
آرائشی اشیاء سے فریج کو سجانے کا نیا رجحان سوشل میڈیا پر تو مقبول ہو رہا ہے، مگر ماہرین صحت کے مطابق یہ خوراک کی حفاظت اور صحت کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔
’فریج اسکیپنگ‘ نامی ٹرینڈ کے تحت لوگ اپنے ریفریجریٹرز کو خوبصورت دکھانے کے لیے ان میں مصنوعی پودے، ٹوکریاں، لائٹس اور دیگر آرائشی اشیاء رکھ رہے ہیں۔
اگرچہ یہ نظروں کو بھلے لگتے ہیں، لیکن فریج کا اصل مقصد — یعنی خوراک کو محفوظ رکھنا — شدید متاثر ہوتا ہے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ فریج کے اندر ہوا کی آزادانہ گردش ضروری ہے تاکہ درجہ حرارت متوازن رہے۔
آرائشی اشیاء وینٹس کو بند کر دیتی ہیں، جس سے کچھ حصے گرم ہو جاتے ہیں اور بیکٹیریا کی افزائش شروع ہو جاتی ہے۔
مزید یہ کہ لکڑی، کپڑا یا مصنوعی پودے نمی جذب کرتے ہیں، جو سڑنے، بدبو اور جراثیم کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتے ہیں۔
اس سے نہ صرف تازہ پھل اور سبزیاں جلد خراب ہوتی ہیں بلکہ یہ صحت کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ فریج میں صرف ضروری خوراکی اشیاء رکھی جائیں، اور اسے ایئرٹائٹ کنٹینرز میں منظم انداز سے محفوظ کیا جائے۔
سجاوٹ کے بجائے صفائی، ترتیب اور خوراک کی حفاظت کو ترجیح دی جائے — کیونکہ خوبصورتی سے زیادہ ضروری ہے صحت مند رہنا۔




