وزیراعلیٰ پنجاب سے بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کی ملاقات، صنعت اور زراعت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران دو طرفہ تعاون، باہمی تجارت، صنعت اور زراعت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش ایک ہی درخت کی دو شاخیں ہیں، ہماری جڑیں مشترکہ تاریخ اور ثقافت میں پیوست ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ پنجاب بنگلہ دیش کی گارمنٹس، مائیکروفنانس اور ویمن کی ورک فورس میں کامیابیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
بنگلہ دیش سے ”ویمن فرسٹ“ ایجنڈے کے تحت خواتین کی قیادت میں صنعتی کلسٹرز اور ڈیجیٹل اپ سکلنگ پروگرامز میں اشتراک کا خیر مقدم کیا جائے گا۔
پنجاب اور بنگلہ دیش کے مابین زراعت اور فوڈ سکیورٹی کے شعبے میں بھی وسیع تعاون کی گنجائش ہے، بنگلہ دیشی سرمایہ کاروں کو ون ونڈو بزنس سینٹرز کے ذریعے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔
اس موقع پر بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے عوامی فلاحی اقدامات اور ڈویلپمنٹ کو سراہا۔




