پنجاب کابینہ کی سرکاری ملازمین کی بیوہ کو تاحیات پینشن دینے کی منظوری

پنجاب کابینہ کی جانب سے سرکاری ملازمین کی بیوہ کو تاحیات پینشن دینے کی منظوری دے دی گئی۔
منگل کے روز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں پنجاب بھر میں آڈٹ رپورٹس پر ضروری اقدامات اور مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس میں آٹھویں جماعت کا امتحان سرکاری طور پر لینے کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس میں صنعتی ورکرز سے فلیٹس کی قیمت وصول کرنے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے ورکرز کو 1220 فلیٹس دینے کی منظوری بھی دی گئی جبکہ مریم نوازنے مزید 3 ہزار فلیٹس کے لئے فوری اقدامات کا حکم بھی دیا۔
کابینہ نے 102 کیٹگری میں ورکرز کی تنخواہ یکساں طور پر 40 ہزار کرنے کی بھی منظوری دی۔
پٹرول پمپس کے قیام کے لئے آن لائن ایپلی کیشن کے قیام اور ورکرز کی سیفٹی کے لئے جامع رولز منظور کیے گئے۔
وزیراعلیٰ کی جانب سے جیلوں میں قیدیوں کے لئے باقاعدہ انڈسٹری قائم کرنے کا حکم دیا گیا جبکہ مزدوری کرنے والے قیدیوں کو اجرت بھی ملے گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا صرف قوانین بنانا کافی نہیں ہر سطح پر عملدرآمد ضروری ہے۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ غریب ورکرز اور مزدوروں کی جان بھی قیمتی ہے اور ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنائیں گے۔




