پی آئی اے کی نیلامی، 4 پارٹیز کی منظوری دی گئی
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی نیلامی کے لیے چار پارٹیز کو شارٹ لسٹ کرلیا گیا۔ منظور کی جانے والی پارٹیز کو پی آئی اے کے دفاتر میں اکاونٹس اور آپریشنز کا جائزہ لینے کی اجازت مل گئی، نیلامی کی تاریخ جلد طے کی جائے گی۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نجکاری کا اجلاس چیئرمین فاروق ستار کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں پی آئی اے کی نجکاری، بجلی کی صورتحال، پوسٹل لائف کا محکمہ اور دیگر ایشوز زیر بحث آئے۔
سیکرٹری نجکاری کمیشن نے بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے لیے 5 پارٹیوں نے دلچسپی کا اظہار کیا۔
اسکروٹنی کمیٹی نے چار پارٹیز کو نیلامی میں شرکت کے لیے منظور کیا۔
شارٹ لسٹ پارٹیز کو پی آئی اے کے دفاتر میں اکاؤنٹس اور آپریشنز کا جائزہ لینے کی اجازت دی گئی ہے، بولی کی تاریخ بعد میں مقرر کی جائے گی۔
سیکرٹری نجکاری کمیشن نے بتایا خطے کی دیگر ائیر لائنز کو بھی نیلامی میں شرکت کی دعوت دی تھی۔
پاکستان کے بڑے بزنس گروپس پی آئی اے کی نجکاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔۔ کمیٹی چیئرمین فاروق ستار نے استفسار کیا کہ وزیر اعلی پنجاب بھی تو پی آئی اے کی خریداری میں دلچسپی رکھتی تھیں؟
اس پر سیکریٹری نجکاری کمیشن نے بتایا کہ پنجاب حکومت اپنی ایئر لائن شروع کرنا چاہتی ہے، پنجاب حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری میں اظہار دلچسپی ظاہر نہیں کی۔
سی ای او پی آئی اے نے بتایا کہ ۔۔ پی آئی اے نے فرانس کی فلائٹس شروع کر دیں ہیں، مانچسٹر کی فلائٹس کسی بھی وقت بحال ہو جائیں گی، پی آئی اے کے حالات گزشتہ سال کے مقابلے میں بہت بہتر ہیں۔




