چینی پر سیلز ٹیکس میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے چینی پر سیلز ٹیکس میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے تحت درآمدی چینی پر ٹیکس 18 فیصد سے کم کرکے 0.25 فیصد کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے چینی کی قیمت میں کمی کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیے ہیں، اور ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان درآمدی چینی فراہم کرے گی۔
فیڈرل بورڈآف ریونیو کے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سیلزٹیکس میں کمی 30 ستمبرتک درآمدکی گئی چینی کےلیے ہوگی۔
چینی کی درآمد ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ذریعے ہوگی، چینی کی درآمد کا فیصلہ وزارت تجارت کی گائیڈ لائنز کے تحت ہوگا۔
خیال رہے کہ وفاقی کابینہ نے 5 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے، وزارت غذائی تحفظ کا کہنا ہے کہ پانچ لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ حتمی طور پر ہو گیا ہے، اور چینی کی درآمد حکومتی شعبے کے ذریعے کی جائے گی۔
وزارت کا کہنا تھا کہ چینی کی درآمد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور اس پر فوری عمل درآمد شروع کیا جا رہا ہے، یہ اقدام چینی کی قیمتوں میں توازن برقرار رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
وزارت غذائی تحفظ کے مطابق چینی کی درآمد کا جو طریقہ اختیار کیا گیا ہے وہ ماضی کی حکومتوں سے مختلف ہوگا، ماضی میں اکثر چینی کی مصنوعی قلت پیدا کر کے قومی خزانے پر بوجھ ڈال کر سبسڈی پر انحصار کیا جاتا تھا۔




