چیٹ جی پی ٹی کی طرف سے طالبعلموں کیلئے بڑی خوشخبری
اوپن اے آئی کی جانب سے اے آئی چیٹ بوٹ میں اسٹڈی موڈ نامی نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔اس نئے فیچر کا مقصد طالبعلموں کو زیادہ قدرتی انداز سے سیکھنے کا تجربہ فراہم کرنا ہے۔ابھی چیٹ بوٹ میں طالبعلموں کے سوالات پر چیٹ جی پی ٹی کی جانب سے سادہ جوابات دیے جاتے ہیں۔
کمپنی نے اس فیچر کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اب آپ کوئی سوال ٹائپ کریں یا کسی موضوع کے بارے میں جاننے کے لیے چیٹ جی پی ٹی سے مدد لیں، تو اسٹڈی موڈ میں طالبعلموں کو قدم بہ قدم درست جواب کے حصول میں مدد فراہم کی جائے گی۔
طالبعلم چیٹ جی پی ٹی سے چیٹ بھی کرسکیں گے تاکہ سوالات کے بارے میں بہتر وضاحت حاصل کرسکیں اور اے آئی ٹول کسی استاد کی طرح کام کرے گا۔یہ فیچر چیٹ جی پی ٹی پلس، پرو اور ٹیمز کے ساتھ ساتھ اس سروس کو مفت استعمال کرنے والے صارفین کو بھی دستیاب ہوگا۔
خیال رہے کہ اسٹڈی موڈ میں یہ چیٹ بوٹ کسی سوال کا سادہ جواب نہیں دے گا بلکہ وہ طالبعلموں کے ساتھ ملکر کام کرتے ہوئے مدد فراہم کرے گا تاکہ وہ خود درست جواب تک پہنچ سکیں۔2023 میں چیٹ جی پی ٹی کو متعارف کرایا گیا تھا اور اس کے بعد اسے طالبعلموں کی جانب سے مضامین تحریر کرنے سمیت دیگر مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔مگر اساتذہ کی جانب سے شکایت کی جاتی ہے کہ چیٹ جی پی ٹی کے باعث طالبعلم خود سوچنے یا مسائل حل کرنے کی بجائے بس اے آئی سے مدد لیتے ہیں جس سے ان کی ذہنی صلاحیتیں متاثر ہوتی ہیں۔اب نئے اسٹڈی موڈ کا مقصد بظاہر ان شکایات کی روک تھام کرنا ہے۔




