آیت اللہ علی خامنہ ای کی اہلیہ منصورہ خجستہ باقرزادہ بھی انتقال کر گئیں

ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی اہلیہ 79 سالہ منصورہ خجستہ باقرزادہ دورانِ علاج اسپتال میں انتقال کر گئیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وہ اسی حملے میں شدید زخمی ہوئی تھیں جس میں ان کے شوہر جاں بحق ہوئے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں طبی امداد فراہم کی جا رہی تھی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
ایرانی حکام کے مطابق اس حملے میں خاندان کے دیگر افراد بھی متاثر ہوئے، جن میں ایک بیٹی، داماد اور ایک پوتے کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
سوانحی جھلکیاں
منصورہ خجستہ باقرزادہ 1947 میں ایران کے مذہبی شہر مشہد میں ایک مذہبی اور بااثر خاندان میں پیدا ہوئیں۔
ان کے والد ایک معروف تاجر تھے جبکہ ان کے بھائی حسن باقرزادہ ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے میں اہم عہدے پر فائز رہ چکے تھے۔
ان کی شادی 1965 میں آیت اللہ علی خامنہ ای سے ہوئی تھی۔ ان کے چار بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں۔
منصورہ خجستہ باقرزادہ عمومی طور پر عوامی تقریبات اور میڈیا میں کم نظر آتی تھیں اور نجی زندگی کو ترجیح دیتی تھیں۔




