کاروبار

بٹ کوائن کی قیمت میں نمایاں اضافہ، مالیت 1 لاکھ 17 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی

دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی ’بٹ کوائن‘ کی قیمت میں غیرمعمولی اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد جمعرات کے روز اس کی مالیت 1 لاکھ 17 ہزار ڈالر کی سطح تک جا پہنچی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق معمولی اتار چڑھاؤ کے بعد بٹ کوائن اس وقت 1 لاکھ 16 ہزار 333 ڈالر پر ٹریڈ کر رہا ہے، جس نے عالمی مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کو حیران کر دیا ہے۔

کرپٹو کرنسی پر نظر رکھنے والے ادارے کوائن ڈیسک (CoinDesk) کے مطابق، امریکی تجارتی سیشن کے دوران بٹ کوائن نے 1 لاکھ 15 ہزار 469 ڈالر کی حد کو بھی عبور کیا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس کی قیمت میں 4.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ نیا ریکارڈ اس وقت سامنے آیا جب محض ایک دن قبل بٹ کوائن کچھ ایکسچینجز پر عارضی طور پر ایک لاکھ 12 ہزار ڈالر کی سطح کو پہنچا تھا لیکن بعد میں ایک لاکھ 11 ہزار ڈالر سے نیچے آگیا۔

ایک سال قبل بٹ کوائن کی قیمت 57 ہزار 704 ڈالر تھی، جس کا مطلب ہے کہ اس نے گزشتہ 12 ماہ میں اپنی قیمت دوگنی کر لی، اگرچہ اس دوران کچھ اتار چڑھاؤ بھی دیکھنے کو ملا۔

ہیش ڈیکس (Hashdex) کے ہیڈ آف گلوبل مارکیٹ انسائٹس، جیری او’شیاء کے مطابق بٹ کوائن کی اس نئی بلندی تک رسائی میں ای ٹی ایفز میں مضبوط سرمایہ کاری، کرپٹو ٹریژری کمپنیوں کی جانب سے مسلسل کارپوریٹ اپنائیت، اور ضوابط کے حوالے سے بہتر ہوتا ہوا ماحول مددگار ثابت ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ میکرو معاشی حالات غیر یقینی رہیں گے، ہمارا ماننا ہے کہ بل مارکیٹ ابھی ختم ہونے سے بہت دور ہے، اور مزید ادارہ جاتی پلیٹ فارمز کی جانب سے بٹ کوائن تک رسائی کی اجازت جیسے نئے عوامل اس سال بٹ کوائن کی قیمت کو 1 لاکھ 40 ہزار ڈالر یا اس سے بھی زیادہ تک لے جا سکتے ہیں۔

کرپٹو ماہر اور ”ملک روڈ“ کے شریک بانی کائل ریڈ ہیڈ نے بدھ کو ”ایکس“ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا، ’اب ملاقات 1 لاکھ 50 ہزار ڈالر پر ہوگی۔‘

انہوں نے جون کے آخر میں بٹ کوائن کی ”بلش کپ اینڈ ہینڈل“ فارمیشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ تکنیکی پیٹرن بٹ کوائن کو نئی بلندیوں تک لے جا سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق بٹ کوائن کی قیمت میں حالیہ اضافہ ایک نازک وقت پر ہوا ہے، کیونکہ مئی کے بعد اس کی قیمت دوبارہ بلند سطح پر نہیں جا پا رہی تھی، جس پر تجزیہ کاروں نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔

بدھ کے روز، ماہر معیشت ٹموتھی پیٹرسن نے ”کوائن ٹیلیگراف“ کو بتایا کہ اگر بٹ کوائن دو ہفتوں میں نئی بلندیوں تک نہیں پہنچتا، تو شاید اکتوبر تک اس کی قیمت دوبارہ اوپر نہ جا سکے۔

install suchtv android app on google app store

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button