حملہ آور سے ہتھیار چھیننے والا مسلمان ہیرو بن گیا

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں واقعے کے دوران ایک شہری نے نہایت جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلح حملہ آور کو قابو پایا اور اس کے ہاتھ سے اسلحہ چھین لیا، جس کی بدولت سیکڑوں جانیں بچائی جا سکیں۔ حکومت نے اس شخص کو بہادری کا ہیرو قرار دیا ہے۔
یہ واقعہ اتوار کو بونڈی بیچ پر پیش آیا، جہاں ایک یہودی تقریب ہانوکا کے سلسلے میں منعقد تھی۔ اسی دوران دو مسلح افراد نے عوام پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
حملہ آوروں میں سے ایک پُل نما مقام پر کھڑا فائرنگ کر رہا تھا، جبکہ دوسرا پارکنگ کے قریب درختوں کے پیچھے چھپ کر نشانے باندھ رہا تھا۔
ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سفید شرٹ پہنے ایک شہری پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کے بیچ چھپتے ہوئے حملہ آور کی طرف دوڑا اور اسے زمین پر گرا کر اس کا اسلحہ چھین لیا۔
اس کے اسلحہ چھینتے ہی حملہ آور پیچھے اپنے ساتھی کی طرف بڑھنے لگا۔
دنیا بھر میں اس شہری کی بہادری کو سراہا جا رہا ہے اور سوشل میڈیا پر اس کے اقدام کی تعریف کی جا رہی ہے، جس نے کئی افراد کی جانیں بچائی۔
مقامی میڈیا کے مطابق اس بہادر شہری کی شناخت 43 سالہ احمد ال احمد کے طور پر ہوئی ہے، جو دو بچوں کے والد اور سدرلینڈ میں پھلوں کی دکان کے مالک ہیں۔
ان کے ایک رشتہ دار مصطفیٰ کے مطابق احمد ال احمد کو دو گولیاں لگی ہیں، تاہم وہ اسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
مصطفیٰ نے اسپتال کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر ان کی بہادری کا یہ واقعہ دیکھا۔ اس وقت احمد کا آپریشن جاری ہے۔
انہوں نے کہا وہ ہیرو ہیں، ان کی بہادری نے بے شمار لوگوں کی زندگیاں بچائیں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ احمد کو اسلحہ کے استعمال کا تجربہ نہیں ہے، وہ صرف وہاں سے گزر رہے تھے کہ اچانک انہوں نے یہ فیصلہ لیا۔
نیوز ساؤتھ ویلز کے وزیرِاعلیٰ کرس منس نے بھی اس بہادر شہری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ منظر ہے جو میں نے اپنی زندگی میں کبھی نہیں دیکھا، یہ حقیقت میں ایک ناقابل یقین منظر تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس شہری کی جرات کی بدولت آج بہت ساری جانیں بچ گئیں۔
آسٹریلوی حکومت نے اسے دہشت گردی کا واقعہ قرار دیا ہے۔ پولیس کے مطابق ایک حملہ آور ہلاک اور ایک زخمی حالت میں زیرِ حراست ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے سڈنی میں فائرنگ کے واقعے کے متاثرین سے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت کی جانب سے جاری بیان میں آسٹریلوی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان خود بھی دہشت گردی کا شکار رہا ہے، ہم معصوم شہریوں پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کی ہرشکل کی مذمت کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم مشکل کی اس گھڑی میں آسٹریلوی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔




