روضہ رسولؐ کی زیارت اور ریاض الجنہ میں نوافل کی ادائیگی کے نئے اوقات مقرر

سعودی عرب میں مسجد نبوی میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زیارت اور ریاض الجنہ میں نوافل کی ادائیگی کے نئے اوقات کا اعلان کردیا گیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ادارہ امور حرمین شریفین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ نئے اوقات کار کے تحت مردوں کیلیے ’زیارت‘ کا وقت شب 2 بجے سے نماز فجر تک اور دن میں وقت 11 بجے سے عشاء تک ہوگا۔
ادارہ امور حرمین شریفین کے مطابق خواتین کیلیے زیارت کا وقت فجرکے بعد سے دن کے 11 بجے اور عشاء کے بعد رات 2 بجے تک ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق مرد زائرین نماز جمعہ کے بعد سے عشاء تک زیارت کرسکیں گے جب کہ خواتین جمعہ کو نماز فجر کے بعد سے صبح 9 بجے تک زیارت کرسکیں گی۔
اب سال میں صرف ایک بار روضہ رسول ﷺ میں نماز کی اجازت ہوگی۔
اس سے قبل سعودی وزارت حج و عمرہ نے مدینہ منورہ کے زائرین کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے کہا تھا کہ روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زیارت اب سال میں ایک سے زیادہ بار کی جاسکے گی۔
رپورٹ کے مطابق زائرین مسجد نبوی کے قریب رہتے ہوئے روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آسانی سے زیارت کرسکیں گے۔ مدینہ منورہ میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زیارت کے لیے سال بھر انتظار کی عائد کردہ شرط کو ختم کر دیا گیا ہے۔




