سیب اور مالٹے میں سے زیادہ بہتر پھل کون سا ہے؟

سردیوں کے موسم میں زیادہ تر لوگ فلو، زکام اور دیگر سانس کی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے قدرتی غذاؤں اور موسمی پھلوں کا سہارا لیتے ہیں تاکہ نہ صرف بیماریوں سے محفوظ رہیں بلکہ اپنی قوتِ مدافعت بھی مضبوط بنا سکیں۔
ماہرین غذائیت کے مطابق اس موسم میں سیب اور مالٹے دونوں کے فوائد ہیں، مگر ہر پھل کا اثر جسم پر مختلف انداز میں ہوتا ہے۔
مالٹے: فوری قوتِ مدافعت کے لیے بہترین
مالٹے میں وٹامن سی کی مقدار سیب کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے۔ وٹامن سی جسم کی بیماریوں سے لڑنے کی صلاحیت کو فوری طاقت دیتا ہے اور مدافعتی نظام کو مضبوط بناتا ہے۔
ماہرین کے مطابق زکام، بخار اور سانس کی دیگر بیماریوں کے دوران مالٹے کا استعمال بہت مفید ہے۔
مزید برآں، مالٹے میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس جسم میں سوزش کم کرنے اور آکسیڈیٹو دباؤ سے لڑنے میں مدد دیتے ہیں، اسی لیے سردیوں میں مالٹے کو مدافعت بڑھانے کے لیے بہترین سمجھا جاتا ہے۔
سیب: توانائی اور آنتوں کی صحت کے لیے مفید
سیب جسم کو دیرپا توانائی فراہم کرتا ہے اور آنتوں کی صحت بہتر بنانے میں مددگار ہے۔
سیب میں موجود ریشہ اور پیکٹِن آنتوں میں اچھے بیکٹیریا کی افزائش کو فروغ دیتے ہیں، جس سے ہاضمہ بہتر ہوتا ہے اور مجموعی طور پر قوتِ مدافعت بھی مضبوط رہتی ہے۔
سیب کی توانائی سست اور مستحکم ہوتی ہے، جس سے خون میں شکر پر بھی قابو رہتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ پھل دن بھر توانائی برقرار رکھنے اور صحت مند طرزِ زندگی کے لیے نہایت مفید ہے۔
غذائی موازنہ
ماہرین غذائیت کے مطابق100 گرام مالٹے میں تقریباً 53 ملی گرام اور سیب میں صرف 4.6 ملی گرام وٹامن سی پایا جاتا ہے.
سیب میں موجود مادہ جسم کو بیماریوں سے لڑنے میں مدد دیتا ہے۔ جبکہ مالٹے میں موجود وٹامن سی اور ایک اور مفید مادہ سانس کی بیماریوں سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ سردیوں میں دونوں پھلوں کو ساتھ کھایا جائے۔ مالٹے فوری قوتِ مدافعت فراہم کرتے ہیں جبکہ سیب آنتوں کی صحت اور توانائی کے لیے مفید ہے۔
اس امتزاج سے جسم کو فوری اور طویل مدتی دونوں طرح کی فائدہ حاصل ہوتا ہے۔
ماہرین صحت کا مشورہ ہے کہ اگر کسی شخص کو کوئی خاص بیماری ہے یا وہ کسی صحت کی صورتحال سے گزر رہا ہے تو غذائی تبدیلی کرنے سے پہلے ڈاکٹر یا غذائیت کے ماہر سے ضرور مشورہ کرے۔




