عتیقہ اوڈھو کا عورت مارچ مباحثے پر انوکھا ردِعمل

پاکستان کی معروف سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے عورت مارچ سے متعلق جاری بحث پر اپنے مؤقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر مرد برا نہیں ہوتا اور مردوں کو مجموعی طور پر منفی انداز میں پیش کرنا درست نہیں۔
عتیقہ اوڈھو نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں کہا کہ یہ کہنا کہ تمام مرد برے ہیں، ایک غلط بیانیہ ہے۔ وہ اس سوچ سے متفق نہیں ہیں۔
جب لوگ یہ بات کرتے ہیں تو انہیں یوں لگتا ہے جیسے ان کے والد، شوہر یا بھائی کی توہین کی جا رہی ہو، جبکہ وہ سب بہت اچھی شخصیت کے حامل ہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ دنیا میں مسائل صرف پاکستان تک محدود نہیں ہیں۔
خواتین کو درپیش مشکلات عالمی سطح پر بھی موجود ہیں، اس لیے صرف ایک معاشرے کو نشانہ بنانا مناسب نہیں، ہمیں مسئلے کو مجموعی اور متوازن انداز میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔
عتیقہ اوڈھو نے کہا کہ اچھے اور برے لوگ ہر جگہ ہوتے ہیں۔ جیسے کچھ مرد غلط ہو سکتے ہیں، ویسے ہی کچھ عورتیں بھی منفی رویوں کی حامل ہو سکتی ہیں۔
اصل بات یہ ہے کہ انسان کو اس کے عمل اور کردار کی بنیاد پر پرکھا جائے، نہ کہ اس کی جنس کی بنیاد پر۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ ایسے مرد بھی ہیں جو رشتوں اور شادیوں میں ذہنی دباؤ اور مشکلات کا شکار ہوتے ہیں، لیکن ان کی بات کم سنی جاتی ہے۔ معاشرے کو دونوں پہلوؤں کو سنجیدگی سے سننا چاہیے۔
انہوں نے اختتاماً کہا کہ خواتین کے حقوق پر بات ضروری ہے، لیکن یہ مکالمہ نفرت یا عمومی الزامات کے بجائے انصاف اور توازن کے ساتھ ہونا چاہیے۔



