عروہ حسین کا رونے کا عجیب و غریب چیلنج

معروف اداکارہ عروہ حسین نےکہا ہے کہ میں چیلنج کرتی ہوں کہ ماورا حسین کی طرح کوئی نہیں رو سکتا۔ شوبز اور فیشن کی دُنیامیں فن کار اور ماڈلزبہنوں کی بہت سی جوڑیاں مشہورہوئی ہیں، ٹی وی پریہ رُجحان سب سے پہلے بنجمن سسٹرز کے ذریعے شروع ہواتھا۔
کچھ جوڑیوں کا ماضی میں طوطی بولتا تھا تو کچھ آج لاکھوں بلکہ کروڑوں دلوں پر راج کررہی ہیں۔
ویسے بھی شُہرت ایک ایسا نشہ ہے جو بعض اوقات پورے خاندان کے سر پر سوار ہوجاتا ہے، یہ روایت بالی وُڈ سے لے کر ہالی وُوڈ اور وہاں سے ہمارے ہاں موجود ہے۔
کئی خاندانوں کی تو کئی نسلیں شوبز میں ہیں۔ شوبز میں ایک مشہور جوڑی عروہ حسین اور ماورا حسین کی بھی ہے، ان دونوں فن کار بہنوں کو ’’ڈرامہ کوئین سسٹرز‘‘ بھی کہا جاسکتا ہے۔
کھیلتی آنکھوں،مُسکراتے چہرے اور دلکش انداز و اطوار کی مالک یہ دونوں بہنیں یقیناً حُسن دو آتشہ کہلانے کی حق دار ہیں کیونکہ فن اور حُسن کا دلفریب امتزاج ہرکسی کو نصیب نہیں ہوتا اور جس کسی کے حصّے میں یہ دونوں چیزیں آجائیں اسے خوش قسمت قرار نہ دینا بھی زیادتی ہوگی۔
ٹی وی اور سلور سکرین کے علاوہ دونوں بہنیں مختلف برینڈز کے لئے ماڈلنگ بھی کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
بطور وی جے کیرئیر شروع کرنے والی عروۃ الوثقیٰ نے میری لاڈلی، کہی اَن کہی، مدیحہ ملیحہ، صراط مستقیم، آئیڈیلز، نمک پارے، اِک لڑکی پاگل سی، کتنی گرہیں باقی ہیں، یہ شادی نہیں ہوسکتی، مراسم، تم میرے ہی رہنا،لال چادر، گھائل،میرے اجنبی اور اُڈاری جیسے ڈراموں میں مختلف نوعیت کے کردار کئے ہیں۔
2014ء میں فلم ’’نامعلوم افراد‘‘کے ذریعے سلور سکرین پر بھی کیریئر شروع کیا تھا جس کے بعد پنجاب نہیں جاؤں گی میں بھی ادکاری کی تھی جبکہ ایک فلم’’ٹچ بٹن‘‘پروڈیوس بھی کی تھی۔
عروہ حسین نے ایک مارننگ شومیں شرکت کی جہاں اپنے فنی سفر کے بارے میں گفتگوکی۔
میزبان ندا یاسر نے آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ڈرامہ انڈسٹری میں کوئی بھی اتنا خوبصورت نہیں لگتا جتنا ماورا روتے ہوئے نظر آتی ہے جس سے عروہ نے اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ وہ ماورا سے بھی متاثر ہوتی ہیں کہ وہ مناظر کے دوران کس طرح روتی ہیں،میں عوام کو چیلنج کرتی ہوں کہ ماورا حسین کی طرح کوئی نہیں روتا۔
عروہ حسین نے مزید کہا کہ لوگ ان کی نقل کرنے کے لیے ویڈیوز بنا سکتے ہیں کیونکہ وہ دیکھنا چاہتی ہیں کہ لوگ ماورا کے رونے کی نقل کیسے کرتے ہیں۔
شروع میں جب کوئی مجھے یہ کہتا تھا کہ آپ روتے ہوئے بہت اچھی لگتی ہیں تو میں پریشان ہوجاتی تھی۔




