لبنان میں جاری کشیدگی پر اقوام متحدہ کے سربراہ کی فوری جنگ بندی کی اپیل

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مطالبہ کیا ہے کہ لبنان میں فوری طور پر لڑائی اور بمباری کو بند کیا جائے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے لبنان میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا جس دوران انہوں نے لبنان کی صورتحال پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جنوبی لبنان ویران میدان بننے کے خطرے سے دوچار ہے جب کہ انخلا کے احکامات کے بعد جنوبی بیروت مکمل تباہی کے خطرے میں ہے۔سیکرٹری جنرل نے کہا کہ لبنانی عوام نے یہ جنگ نہیں چنی بلکہ انہیں اس میں گھسیٹا گیا ہے۔ انہوں نے فوری طور پر لڑائی اور بمباری بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے اور صرف سفارتکاری اور مکالمہ ہی راستہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کا ہر حال میں احترام اور تحفظ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے لبنان کی خودمختاری اور سرحدوں کے احترام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی ہونی چاہیے۔
یاد رہے کہ لبنان میں اسرائیلی حملے تیز ہوگئے ہیں جب کہ وہاں خاندان کے خاندان ختم ہوگئے ہیں جس کے بعد شہر خالی ہونے لگے ہیں۔
جنوبی لبنان کے قصبے النمیریہ میں ایک اسرائیلی فضائی حملے نے ایک ہی لمحے میں تین نسلوں پر مشتمل ایک پورا خاندان ختم کردیا۔ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک 750 سے زائد لبنانی شہری شہید ہوچکے ہیں۔




