متحدہ عرب امارات کا اعلان، فضائی حدود ایران پر حملوں کیلئے استعمال نہیں ہونے دیں گے

متحدہ عرب امارات نے اعلان کیا ہے کہ اس کی فضائی حدود ایران پر حملوں کے لیے استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔ اماراتی قیادت نے کشیدگی کم کرنے پر زور دیتے ہوئے مکمل دفاعی تیاری کا اعلان بھی کیا۔متحدہ عرب امارات نے واضح اعلان کیا ہے کہ اس کی فضائی حدود ایران پر کسی بھی حملے کے لیے استعمال نہیں ہونے دی جائیں گی۔
اماراتی وزیرمملکت برائے بین الاقوامی تعاون ریم الہاشمی نے پریس بریفنگ میں کہا کہ عرب امارات اپنی سرزمین یا فضائی حدود کسی بھی جارحانہ کارروائی کے لیے فراہم نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کا بیلسٹک میزائل پروگرام خطے کے لیے خطرہ ہے، تاہم فوجی حل ممکن نہیں اور کشیدگی پورے خطے کو نقصان پہنچائے گی۔
ریم الہاشمی کا کہنا تھا کہ امارات کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔
سفارتی اقدامات
ایرانی حملوں کے بعد امارات نے تہران میں اپنا سفارتخانہ بند کر دیا اور سفیر کو واپس بلا لیا ہے۔
دفاعی تیاری
دوسری جانب ابوظبی میں اماراتی عسکری حکام نے کہا ہے کہ ملک حالتِ جنگ میں ہے۔
وزارتِ دفاع متحدہ عرب امارات کے ترجمان کے مطابق اماراتی مسلح افواج مکمل جنگی تیاری کی حالت میں ہیں اور خودمختاری و سلامتی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔




