وزیر اعظم سے ورلڈ بینک کے ریجنل نائب صدر ثمان ڈیون کی ملاقات
پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان معیشت کے اہم شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی بینک کے مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان کے ریجنل نائب صدر عثمان ڈیون نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ طویل شراکت داری پر عالمی بینک، خصوصاً عالمی بینک کے صدر اجے بنگا اور پاکستان کیلئے عالمی بینک کے سابق کنٹری ڈائریکٹر کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے ملکی ترقی کی ترجیحات بالخصوص توانائی، انسانی وسائل، موسمیاتی تبدیلی اور گورننس اصلاحات کے شعبوں میں کے اسٹریٹجک کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی بینک کی مدد پاکستان کی ترقی میں اہم ہے اور دونوں اداروں کے درمیان تعاون مزید مضبوط ہوگا۔
سندھ طاس معاہدے جیسے اہم بین الاقوامی معاہدے کو نقصان پہنچانے کے بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی روشنی میں پاکستان کے جائز مؤقف کیلئے عالمی بینک کی اصولی حمایت کو سراہا۔
دو ہزار بائیس کے تباہ کن سیلاب کے دوران عالمی بینک کی بروقت اور فراخدلانہ مدد کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عالمی بینک کی مدد نے پاکستان کو فوری امدادی سرگرمیاں شروع کرنے اور تعمیر نو کے اقدامات کے آغاز میں مدد فراہم کی۔
عالمی بینک کے ریجنل نائب صدر عثمان ڈیون نے اس دوران وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی معیشت کے اہم شعبوں میں مزید تعاون کے لیے عالمی بینک کے عزم کا اعادہ کیا۔




