ویرات کوہلی نے کروڑوں روپے کی آفر کیوں ٹھکرائی؟ وجہ سامنے آگئی

بھارت کے لیجنڈری بلے باز ویرات کوہلی نے 933 کروڑ روپے سے زائد کی آفر ٹھکرادی۔
تفصیلات کے مطابق آٹھ برس تک ’پُوما‘ کے برانڈ ایمبیسڈر رہنے کے بعد ویرات کوہلی نے اس بار اسپورٹس ویئر کمپنی ’اگیلیٹاس اسپورٹس‘ کے ساتھ شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کھیلوں کے کاروبار میں ایک نیا قدم اٹھاتے ہوئے اپنے لائف اسٹائل برانڈ ’ون ایٹ‘ کے لیے بڑا اعلان کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 37 سالہ کرکٹر نے ’پُوما‘ کی 933 کروڑ روپے سے زائد کی پیشکش چھوڑ کر اس نئے اشتراک میں خود اپنی طرف سے 124 کروڑ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی ہے۔
ویرات کوہلی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی جس میں وہ اگیلیٹاس اسپورٹس کی انتظامیہ کے ہمراہ موجود ہیں اور برانڈ کی شروعات کرنے کے بارے میں بتا رہے ہیں۔
ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ آج میرے دل سے براہ راست ایک دلچسپ نئے باب کا آغاز ہے۔ ’ون ایٹ‘ اور اگیلیٹاس‘کے لیے ایک نیا سفر شروع ہورہا ہے، جو مقصد اور عزم سے بھرپورہے۔




