پہلی ملاقات کیسے محبت میں بدل گئی؟ محمود اسلم کا دلچسپ انکشاف

پاکستان کے سینئر اداکار محمود اسلم نے اپنی محبت کی شادی سے متعلق دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پہلی ملاقات ایک غیر متوقع انداز میں محبت میں تبدیل ہوگئی۔
انہوں نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں اپنی ذاتی زندگی سے جڑی یادیں شیئر کیں۔
محمود اسلم نے بتایا کہ اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں وہ اوپن ایئر تھیٹر میں کام کیا کرتے تھے۔ اسی دوران معروف مزاحیہ اداکار امان اللہ نے مذاق میں کہا کہ تم ایسے بات کر رہے ہو جیسے سہگل خاندان کے داماد ہو۔
اداکار کے مطابق بعد میں حیران کن طور پر یہی بات حقیقت بن گئی اور وہ واقعی اسی خاندان کے داماد بن گئے۔
محمود اسلم نے بتایا کہ گریجویشن کے بعد وہ ملازمت کی تلاش میں تھے۔ ایک دوست انہیں ایک سیاستدان کے پاس لے گیا جس نے ان کی قابلیت دیکھتے ہوئے انہیں ایک نئے کھلنے والے آئس کریم پارلر میں منیجر کی نوکری دے دی۔
اداکار کے مطابق اسی پارلر میں ان کی ہونے والی اہلیہ اپنی سہیلیوں کے ساتھ اکثر آیا کرتی تھیں۔
پرینک کالز سے شروع ہوئی محبت
محمود اسلم نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ ان کی اہلیہ کی سہیلیاں انہیں تنگ کرنے کے لیے پرینک کالز بھی کرتی تھیں۔ بعد میں جب ان کی اہلیہ نے خود ان سے بات کی تو یہ تعلق آہستہ آہستہ مضبوط ہوتا گیا اور بالآخر دونوں نے شادی کا فیصلہ کر لیا۔
اداکار نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ ان کی دو شادیاں ہیں اور وہ دونوں خاندانوں کو اچھے طریقے سے سنبھال رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی دونوں شادیاں محبت کی بنیاد پر ہوئیں اور وہ اپنی زندگی سے مطمئن اور خوش ہیں۔
واضح رہے کہ محمود اسلم کئی دہائیوں سے پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری سے وابستہ ہیں اور متعدد کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔




