گدھے کا گوشت کیسے پہچانیں؟ ماہرین نے بتا دیا
گدھے کے گوشت کی شناخت بظاہر مشکل ہو سکتی ہے کیونکہ یہ دیکھنے میں گائے یا بھینس کے گوشت سے مشابہت رکھتا ہے۔ تاہم ماہرین کے مطابق کچھ مخصوص علامات، جیسے بو، ساخت اور رنگ کی مدد سے اس کی پہچان ممکن ہے۔
پاکستان میں گدھے کا گوشت نہ صرف شرعی طور پر ناجائز سمجھا جاتا ہے بلکہ قانونی طور پر بھی اس کی فروخت ممنوع ہے۔
اسلامی احکامات کے مطابق صرف مخصوص جانوروں (جیسے گائے، بکری، دنبہ، مرغی وغیرہ) کا گوشت حلال قرار دیا گیا ہے، جبکہ گدھے کا گوشت اس فہرست میں شامل نہیں۔
قانونی اعتبار سے بھی پاکستان میں صرف فوڈ اتھارٹی سے منظور شدہ ذرائع سے حاصل کردہ گوشت کی فروخت کی اجازت ہے۔
اس کے باوجود بعض علاقوں میں گدھے کے گوشت کی ملاوٹ یا اسے دوسرے گوشت کے طور پر فروخت کرنے کے واقعات سامنے آئے ہیں، جو نہ صرف غیر قانونی بلکہ اخلاقی طور پر بھی قابلِ مذمت ہیں۔
حال ہی میں اسلام آباد کے علاقے ترنول میں ایک کارروائی کے دوران گدھے کا تقریباً ایک ہزار کلو گوشت برآمد ہوا، جس پر تھانہ سنگجانی میں مقدمہ درج کیا گیا۔
یہ واقعہ ایک بار پھر خوراک کی حفاظت سے متعلق اداروں کی ذمہ داری اور شہریوں کی آگاہی کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق کھالیں گوادر لیجا کر بیرون ملک ایکسپورٹ کی جاتی تھیں، اس کارروائی کے دوران ایک غیر ملکی شخص کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔
گرفتار چینی شہری گوشت کے حوالے سے ریکارڈ یا کوئی واضح جواب نہ دے سکا۔
ان طریقوں سے آپ گوشت کی پہچان کرسکتے ہیں
رنگ اور بناوٹ:
گدھے کا گوشت گائے کے گوشت سے زیادہ گہرا سرخ یا بھورا ہوتا ہے، اس کی بناوٹ سخت اور ریشے دار ہوتی ہے، اور اس میں چکنائی کم ہوتی ہے۔
گدھے کے گوشت کی بو گائے یا بھینس کے گوشت سے مختلف ہوتی ہے، اس میں ایک خاص قسم کی تیز یا غیر معمولی بو آتی ہے، جو پکاتے ہوئے خواتین پہچان سکتی ہیں
ذائقہ:
اگر پکایا جائے تو اس کا ذائقہ گائے کے گوشت سے کچھ مختلف ہوتا ہے، ماہرین کے مطابق مٹن اور بیف ( گائے یا بکرے) کے ریشے ذرا سخت ہوتے ہیں۔
اگر آپ گوشت کا ایک بڑا ٹکڑا ہتھیلی پر رکھیں تو وہ ہتھیلی پر جما رہے گا جب کہ گدھے کے گوشت کے ریشے بہت نرم ہوتے ہیں اور وہ قدرے لبلبا ہوتا ہے اس لیے ہتھیلی پر وہ جما نہیں رہےگا اور گرسکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ گدھے کا گوشت ذائقے میں بھی قدرے مختلف ہوتا ہے،کھانے میں یہ تھوڑا میٹھا اور چبانے میں سخت محسوس ہوسکتا ہے۔
رائے؛
گوشت کی خریداری معتبر اور تصدیق شدہ دکان سے کریں، غیر قانونی یا مشکوک دکانوں سے گوشت خریدنے سے گریز کریں۔
مقامی علامات:
بعض اوقات گدھے کے گوشت کو سستے داموں میں فروخت کیا جاتا ہے، جو ایک مشکوک علامت ہو سکتی ہے۔
گدھے کا گوشت کھانا کئی ممالک میں غیر قانونی یا ممنوع ہے، اور اسے گائے کے گوشت کے طور پر ملاوٹ کر کے فروخت کرنا دھوکہ دہی ہے۔
اگر آپ کو شک ہو تو گوشت کی جانچ کے لیے فوڈ سیفٹی اتھارٹی یا لیبارٹری سے رابطہ کریں۔




