گولیاں چھوڑیں، نیند کا قدرتی راز آپ کی پلیٹ میں چھپا ہے

اگر آپ سونے سے پہلے جڑی بوٹیوں والی چائے، جیسے کیمومائل یا لیونڈر، پینے کے باوجود پرسکون نیند نہیں لے پاتے، تو مسئلہ شاید چائے میں نہیں بلکہ آپ کی روزمرہ غذا میں ہو سکتا ہے۔
ایک نئی سائنسی تحقیق کے مطابق ہماری خوراک براہِ راست نیند کے معیار پر اثر انداز ہوتی ہے۔ شکاگو اور کولمبیا یونیورسٹی کے ماہرین کی مشترکہ تحقیق حال ہی میں نیند کی صحت کے جرنل میں شائع ہوئی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ جو لوگ زیادہ پھل، سبزیاں اور مکمل اناج کھاتے ہیں، وہ زیادہ گہری، لمبی اور پرسکون نیند لیتے ہیں۔
تحقیق میں شامل افراد جن کی پلیٹ رنگین پھلوں، تازہ سبزیوں اور فائبر سے بھری ہوئی تھی، وہ رات کے دوران شاذ و نادر ہی جاگے اور زیادہ وقت گہری نیند میں گزارا۔
ماہرین نے صحت مند نوجوانوں سے کہا کہ وہ اپنی روزمرہ خوراک ایک موبائل ایپ میں درج کریں، اور نیند کے معیار اور دورانیے کا ریکارڈ کلائی پر پہنے جانے والے آلات کے ذریعے رکھا گیا۔
تحقیق میں خاص طور پر یہ دیکھا گیا کہ رات کے دوران نیند میں کتنی بار خلل آیا اور ہلکی اور گہری نیند کے درمیان کتنی بار تبدیلی ہوئی۔
نتائج کے مطابق جو افراد روزانہ پانچ یا اس سے زیادہ سرونگز پھل اور سبزیاں کھاتے تھے، ان کی نیند کے معیار میں 16 فیصد بہتری دیکھی گئی، اور یہ فرق صرف ایک دن میں واضح ہو گیا۔
ڈاکٹر اسما تسالی کے مطابق سولہ فیصد بہتری ایک نمایاں تبدیلی ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ یہ فرق اتنے قلیل وقت میں نظر آیا۔
تحقیق کی شریک مصنفہ ڈاکٹر میری پیئر سینٹ اونج کا کہنا ہے کہ معمولی سی تبدیلیاں بھی نیند پر مثبت اثر ڈال سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جان کر حوصلہ ملتا ہے کہ بہتر نیند ہمارے اپنے کنٹرول میں ہے۔
ماہرین اب یہ سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا غذا براہِ راست نیند کو بہتر بناتی ہے یا اس کے پیچھے کوئی حیاتیاتی عمل کارفرما ہے۔
تاہم ابتدائی نتائج واضح ہیں کہ جتنی رنگین آپ کی پلیٹ ہوگی، اتنے میٹھے ہوں گے آپ کے خواب ہونگے، یعنی یہ نہ صرف جسم بلکہ دماغ اور نیند کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔
                         



