کھانے کے بعد ہلکی چہل قدمی کے صحت بخش فوائد

چہل قدمی صحت کے لیے بہترین ورزشوں میں سے ایک سمجھی جاتی ہے، تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ کھانے کے فوراً بعد تھوڑی دیر چلنا جسمانی نظام کو بہتر انداز میں کام کرنے میں مدد دیتا ہے اور کئی طبی مسائل سے بچاؤ کا ذریعہ بن سکتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق کھانے کے فوراً بعد تیز واک کے بجائے 10 سے 15 منٹ کی ہلکی چہل قدمی بہترین انتخاب ہے، جو مجموعی صحت کے لیے نہایت مفید ثابت ہو سکتی ہے۔
۔ نظامِ ہاضمہ بہتر ہوتا ہے
کھانے کے بعد چہل قدمی کرنے سے معدہ اور آنتوں کی حرکت بہتر ہوتی ہے، جس سے کھانا آسانی سے ہضم ہوتا ہے اور بدہضمی، گیس اور اپھارے جیسے مسائل میں کمی آتی ہے۔
۔ بلڈ شوگر لیول کو قابو میں رکھنے میں مدد
ماہرین کے مطابق کھانے کے بعد چلنے سے خون میں شوگر کی سطح اچانک بڑھنے کے بجائے متوازن رہتی ہے، جو خاص طور پر ذیابیطس کے مریضوں کے لیے فائدہ مند ہے۔
۔ وزن کم کرنے میں معاون
ہر کھانے کے بعد باقاعدہ چہل قدمی کیلوریز جلانے میں مدد دیتی ہے اور جسم میں چربی جمع ہونے کے عمل کو سست کرتی ہے، جس سے وزن کو کنٹرول میں رکھنا آسان ہو جاتا ہے۔
۔ دل کی صحت بہتر
ہلکی واک دل کی دھڑکن کو متوازن رکھتی ہے اور خون کی روانی کو بہتر بناتی ہے، جس سے دل کی بیماریوں کا خطرہ کم ہو سکتا ہے۔
۔ توانائی میں اضافہ اور ذہنی سکون
چہل قدمی نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی صحت کے لیے بھی مفید ہے۔ اس سے سستی کم ہوتی ہے، توانائی میں اضافہ ہوتا ہے اور ذہنی دباؤ میں کمی آتی ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق ہفتے میں 2 سے 2.5 گھنٹے چہل قدمی کرنے سے بالغ افراد میں ڈپریشن کی شرح میں 25% تک کمی دیکھی گئی ہے۔ جسمانی سرگرمی، خاص طور پر واک، مجموعی طور پر موڈ کو بہتر بناتی ہے۔ ہفتے میں 5 دن، 15 سے 20 منٹ کی چہل قدمی ذہنی صحت کے مسائل میں کمی لانے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔




