گھروں میں موجود وہ اشیا جو وائی فائی اسپیڈ کو متاثر کرتی ہیں

گھر پر کمپیوٹر پر کام کررہے ہیں، ٹی وی پر آن لائن فلمیں یا ڈرامے دیکھ رہے ہیں یا کچھ اسٹریم کررہے ہیں۔
ہر کام کے لیے انٹرنیٹ کی اچھی اسپیڈ کی ضرورت ہوتی ہے اور موجودہ عہد میں اس کے لیے وائی فائی سگنلز پر انحصار کیا جاتا ہے۔
مگر اکثر وائی فائی انٹرنیٹ کی رفتار اتنی کم ہوتی ہے کہ ٹھنڈے مزاج کا فرد بھی چڑچڑا ہوجاتا ہے۔
یہ کہنے کی ضرورت نہیں آج کل انٹرنیٹ زندگی کی ضرورت بن چکی ہے تو وائی فائی کی رفتار کم محسوس ہوتی ہے تو ہوسکتا ہے کہ اس کی وجہ اردگرد موجود عام اشیا ہوں۔
جی ہاں واقعی گھر میں موجود چند چیزوں سے وائی فائی سگنلز متاثر ہوتے ہیں۔
ہاؤس پلانٹ
گھر کے اندر موجود پودے وائی فائی کی رفتار کو سست بناسکتے ہیں۔
ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ ان پودوں کی نم مٹی اور موٹے پتے وائی فائی سگنلز کو جذب یا پلٹا دیتے ہیں، جس سے انٹرنیٹ کوریج کمزور ہو جاتی ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ کوئی ایسا چھوٹا گھر جس کے اندر کافی پودے موجود ہوں، وہاں یہ اثر کافی نمایاں ہوسکتا ہے۔
مائیکرو ویو اوون
مائیکرو ویو اوون میں اکثر ایک الیکٹرون ٹیوب magnetron موجود ہوتی ہے جو الیکٹرو میگنیٹک لہریں پیدا کرتی ہیں جو کھانا گرم کرنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔
مائیکرو ویو اوون کے پرزہ جات کو اپنے افعال کے لیے اتنی الیکٹرو میگنیٹک لہریں پیدا کرنا پڑتی ہیں جو انسانی جسم کے لیے تو نقصان دہ نہیں مگر وائی فائی سگنلز ضرور متاثر ہوتے ہیں۔
درحقیقت مائیکرو ویو اوون اور وائی فائی راؤٹرز ایک ہی فریکوئنسی رینج پر کام کرتے ہیں جس کے باعث وائی فائی کنکشن عارضی طور پر متاثر ہوسکتا ہے۔
بلیو ٹوتھ ڈیوائسز
وائی فائی اسپیڈ اس وقت 50 فیصد تک گھٹ جاتی ہے جب بلیوٹوتھ ڈیوائسز جیسے ویڈیو کیمرا، گیم کنٹرولر، ہیڈفون، اسپیکر یا دیگر کے سگنلز کا سامنا ہوتا ہے۔
مائیکرو ویو اوون کی طرح بیشتر بلیو ٹوتھ ڈیوائسز بھی 2.4 گیگا ہرٹز بینڈ پر کام کرتی ہیں اور وائی فائی کو اس چینل میں جگہ بنانے کے لیے مقابلہ کرنا پڑتا ہے۔
البتہ بلیو ٹوتھ ڈیوائسز سے وائی فائی راؤٹرز پر محدود اثرات مرتب ہوتے ہیں کیونکہ ان ڈیوائسز کم پاور استعمال کرتی ہیں اور اسی فریکوئنسی کی مختلف بینڈز میں منتقل ہو جاتی ہیں۔
اسمارٹ ہوم ڈیوائسز
اسمارٹ ہوم ڈیوائسز جیسے اسمارٹ لائٹ بلب، وائس اسسٹنٹس، سکیورٹی کیمرے اور دیگر بھی وائی فائی سگنلز کو متاثر کرسکتی ہیں۔
جب ایسی متعدد ڈیوائسز کسی ایک راؤٹر سے منسلک ہوں تو پھر ان کے درمیان بینڈ ودتھ، ریڈیو چینلز اور سی پی یو یوز ایج کے لیے مقابلہ ہوتا ہے۔
کورڈ لیس فون
کورڈ لیس فون وائی فائی سگنلز کے لیے تباہ کن ثابت ہوسکتے ہیں، مگر اس کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ کس طرح کا فون آپ استعمال کررہے ہیں۔
یہ ڈیوائسز 2.4 گیگا ہرٹز بینڈ پر کام کرتی ہیں اور وائی فائی نیٹ ورکس کو مکمل طور پر روک سکتی ہیں، کیونکہ اسی فریکوئنسی رینج پر زیادہ پاور ٹرانسمیٹ کرتی ہیں۔
جب فون اور راؤٹر کے درمیان ایک ائیر اسپیس کے لیے مقابلہ ہوتا ہے تو عموماً وائی فائی کو شکست ہوتی ہے۔
بے بی مانیٹرز
بے بی مانیٹرز بہت زیادہ فیچرز سے لیس ہوتے ہیں، ان میں ویڈیو اسٹریمنگ، وائی فائی پر کام کرنے اور دیگر فیچرز موجود ہوتے ہیں۔
مگر اسی وجہ سے یہ ڈیجیٹل بے بی مانیٹرز اسی 2.4 گیگا ہرٹز فریکوئنسی پر کام کرتے ہیں جن پر بیشتر وائی فائی راؤٹرز چلتے ہیں اور دونوں کے افعال سے انٹرنیٹ اسپیڈ سست ہو جاتی ہے۔
بڑی دھاتی اشیا
فریج، اوون، دھاتی فرنیچر، ہیٹرز، گیزر اور ایسی ہی دیگر بڑی دھاتی اشیا وائی فائی سگنلز کو جذب اور پلٹاتی ہیں یا یوں کہہ لیں کہ آرپار نہیں ہونے دیتیں۔
ان کی دھاتی سطح سے وائی فائی سگنلز واپس پلٹ جاتے ہیں جس سے ڈیڈ زون یا ویک اسپاٹس بنتے ہیں۔
آئینے
آئینے بھی بڑی دھاتی اشیا کی طرح وائی فائی سگنلز کو متاثر کرتے ہیں۔
دھاتی سطح کی طرح یہ بھی وائی فائی سگنلز میں مداخلت کرتے ہیں اور ان پر موجود سلور یا المونیم کی پتلی تہہ وائی فائی سگنلز کو پلٹا دیتی ہے۔
ان سے وائی فائی کی مضبوطی میں 50 فیصد تک کمی آسکتی ہے مگر اس کا انحصار آئینے کے حجم اور لگانے کی جگہ پر ہوتا ہے۔
فش ایکوریم یا پانی کے بڑے ڈبے
فش ایکوریم سے بھی وائی فائی سگنلز متاثر ہوسکتے ہیں۔
بڑے ایکوریم پانی سے بھرے ہوتے ہیں جو کہ ویڈیو لہروں کو جذب کرنے کے لیے مؤثر ثابت ہوتے ہیں جس سے وائی فائی سگنلز متاثر ہوتے ہیں۔
کھارے پانی کے ایکوریم تو اس حوالے سے زیادہ مسائل کا باعث بنتے ہیں۔
ان میں موجود فلٹرز اور ایل ای ڈی لائٹس سے بھی وائی فائی سگنلز زیادہ متثر ہوسکتے ہیں۔
موٹی دیواریں
کنکریٹ کی موٹی دیواریں وائی فائی سگنلز کے لیے سخت ترین رکاوٹ ثابت ہوتی ہیں۔
8 انچ موٹی دیوار سے وائی فائی سگنلز کافی حد تک گھٹ جاتے ہیں، اینٹوں کی دیوار سے اتنا اثر نہیں ہوتا۔
لکڑی کی دیواروں سے وائی فائی سگنلز پر کوئی خاص اثرات مرتب نہیں ہوتے۔
پڑوسی کا وائی فائی نیٹ ورک
پڑوسیوں کے وائی فائی نیٹ ورکس بھی آپ کے وائی فائی نیٹ ورک کے افعال کو متاثر کرسکتے ہیں۔
ایسا اکثر شام اور چھٹیوں کے موقع پر زیادہ ہوتا ہے جب پڑوس میں زیادہ افراد آن لائن ہوتے ہیں۔




