غزہ میں 60 روزہ جنگ بندی کے دوران مستقل فائر بندی پر مذاکرات ہوں گے، اسرائیلی وزیر اعظم
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ غزہ میں مجوزہ 60 روزہ جنگ بندی کے دوران مستقل جنگ بندی سے متعلق مذاکرات کیے جائیں گے۔ اپنے بیان میں نیتن یاہو نے واضح کیا کہ اگر اس دوران اسرائیل کی شرائط پوری نہ ہوئیں تو اُن پر زبردستی عمل کرایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے لیے حماس کی جانب سے ہتھیار ڈالنا، غزہ پر حکمرانی سے دستبرداری، اور اس کی فوجی صلاحیتوں کا خاتمہ اسرائیل کی بنیادی شرائط میں شامل ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم کے مطابق اگر 60 دن کی جنگ بندی کے دوران ہماری شرائط پوری نہ ہوئیں، تو ہم طاقت کے ذریعے انہیں پورا کرائیں گے۔
واضح رہے کہ جنگ بندی کے لیے اسرائیل اور حماس کے درمیان بلواسطہ مذاکرات قطر میں اتوار سے جاری ہیں۔ ان مذاکرات میں امریکا، قطر اور مصر ثالثی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔




