پاک بھارت کرکٹ مقابلے کے حامی نکلے سارو گنگولی، ایشیا کپ میں ٹاکرے کی حمایت
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی نے ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھیل کو بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھنا چاہیے۔
گنگولی نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں کہا،”پہلگام جیسے واقعات دوبارہ نہیں ہونے چاہئیں، کھیل کا سلسلہ جاری رہنا بہت ضروری ہے۔ دہشت گردی کی کسی قسم کو برداشت نہیں کیا جا سکتا اور اسے سختی سے روکا جانا چاہیے”۔
سابق کپتان بھارتی کرکٹ ٹیم سارو گنگولی کا کہنا تھا کہ بھارت نے دہشت گردی کے حوالے سے سخت مؤقف اپنایا ہے، کھیل کو تو ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کا ایک ہی گروپ میں ہونا میرے لیے ٹھیک ہے۔
خیال رہے کہ ہفتے کو ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان کیا گیا تھا۔ پاکستان، بھارت، یو اے ای اور عمان کو گروپ اے میں شامل کیاگیا ہے جبکہ بنگلا دیش، سری لنکا، افغانستان اور ہانگ کانگ گروپ بی میں شامل ہیں۔
ایشیا کپ 9 ستمبر سے یو اے ای میں شروع ہو گا جب کہ پاک بھارت پہلا گروپ میچ 14 ستمبر کو ہوگا۔
شیڈول کے اعلان کے بعد بھارتی میڈیا نے اپنے بورڈ اور حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
ورلڈ چیمپئنز لیگ کی طرح ایشیا کپ میں بھی پاکستان کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنےکا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
سابق بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے بھی پاکستان کے خلاف کھیلنےکے فیصلےکو تنقیدکا نشانہ بنایا جارہا ہے۔




