’چیٹ جی پی ٹی اب رشتے خراب نہیں کرے گا‘، نئی اپڈیٹ کی اصل وجہ کیا ہے؟

مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بڑھتے ہوئے استعمال نے نہ صرف لوگوں کے کام کا بوجھ کم کیا ہے بلکہ انہیں ذاتی تعلقات کے معاملات میں مشورہ لینے کا ایک نیا ذریعہ بھی فراہم کیا ہے۔
تاہم، جب ایک مشین جو ہمیشہ شائستہ اور موافق رہنے کی کوشش کرتی ہے تعلقات سے متعلق ایسے مشورے دینے لگے جیسے "رشتہ ختم کر دیں”، تو اس سے بعض اوقات مسائل جنم لے سکتے ہیں۔
اسی پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے چیٹ جی پی ٹی کے خالق، اوپن اے آئی، نے 4 اگست کو اعلان کیا کہ وہ اپنے سسٹم میں کچھ اہم تبدیلیاں لا رہے ہیں۔
تاکہ صارفین کو نازک لمحات میں زیادہ مؤثر اور سوچ سمجھ کر فیصلے کرنے میں مدد دی جا سکے۔
اوپن اے آئی کا کہنا تھا کہ اب چیٹ جی پی ٹی کا مقصد یہ نہیں ہوگا کہ وہ آپ کو براہِ راست کوئی فیصلہ دے، بلکہ یہ آپ کی رہنمائی کرے گا۔
آپ سے سوالات کرے گا، اور مختلف پہلوؤں کا تجزیہ کر کے آپ کو بہتر فیصلہ لینے میں مدد دے گا۔
اوپن اے آئی کا مزید کہنا تھا کہ، جب آپ پوچھتے ہیں کہ ’کیا مجھے اپنے بوائے فرینڈ سے تعلق ختم کر دینا چاہیے؟‘ چیٹ جی پی ٹی آپ کو جواب نہیں دے گا۔
یہ آپ سے سوالات کرے گا اور آپ کو فیصلہ کرنے کے لیے سوچنے کی ترغیب دے گا۔
اس نئے رویے کا مقصد صارفین کو زیادہ محفوظ اور مددگار رہنمائی فراہم کرنا ہے، خصوصاً جب وہ انتہائی ذاتی اور حساس فیصلوں پر پہنچنے کی کوشش کر رہے ہوں۔
اوپن اے آئی نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ ماہرین پر مشتمل ایک مشاورتی گروپ تشکیل دے گا، جس میں ذہنی صحت، نوجوانوں کی ترقی، اور انسان-کمپیوٹر تعامل کے ماہرین شامل ہوں گے۔
اوپن اے آئی کے سی ای او، سیم آلمین، نے مئی میں اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ چیٹ جی پی ٹی اپنے ’نرم رویئے‘ اور ’ہاں میں ہاں ملانے والے رویے‘ کی وجہ سے بعض اوقات صارفین کے لیے تکلیف دہ ثابت ہوتا ہے۔
اس کی وجہ سے کچھ صارفین نے شکایت کی کہ وہ چیٹ جی پی ٹی سے بات کر رہے ہیں جو ہمیشہ ان کی ہاں میں ہاں ملا رہا ہے، نہ کہ ایک معقول اور منطقی اے آئی چیٹ بوٹ سے۔
چند اپ ڈیٹس کے بعد چیٹ جی پی ٹی کا رویہ اتنا زیادہ ’ہاں‘ کہنے والا ہو گیا تھا کہ یہ صارفین کے لیے ’پریشان کن‘ بن گیا۔
سیم آلمین نے اس بارے میں کہا، ’پچھلے کچھ اپ ڈیٹس نے چیٹ جی پی ٹی کی شخصیت کو بہت زیادہ ’پریشان کن‘ بنا دیا تھا، لیکن اس میں کچھ اچھے پہلو بھی ہیں۔ ہم اس پر جلد ہی اصلاحات کر رہے ہیں۔‘
یہ تبدیلیاں اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں کہ چیٹ جی پی ٹی انفرادی ضروریات اور پیچیدہ تعلقات کے مسائل کو سمجھنے میں زیادہ مددگار اور حقیقت پسند ہو۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اے آئی عمومی رہنمائی اور مدد فراہم کر سکتا ہے، لیکن یہ رشتہ کے پیچیدہ اور ذاتی پہلوؤں کو سمجھنے کے لیے درکار گہرائی اور سمجھ بوجھ کی کمی رکھتا ہے۔




