سیزفائرکی خلاف ورزی بڑی رکاوٹ ہے، عباس عراقچی کا اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق عباس عراقچی نے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کو سفارتی عمل میں بڑی رکاوٹ قرار دیدیا، عراقچی نے بتایا کہ تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کریں گے کہ آگے کیسے بڑھاجائے۔
گفتگو میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے علاقائی امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے تمام زیر التوا مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے مسلسل بات چیت کی اہمیت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مسلسل قریبی رابطے اور مکالمے کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ادھر ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کی روسی ہم منصب سے بھی گفتگو ہوئی ، عباس عراقچی نے روسی ہم منصب سے کہا کہ امریکا کا غیر قانونی رویہ اور تضاد سے بھرپور مؤقف سفارت کاری کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتا۔
ایرانی وزیرخارجہ نے بتایا کہ ایران امریکی رویے کا جائزہ لے گا اور اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے مناسب فیصلہ کرے گا۔




