عاصم اظہر کا اپنی شادی سے متعلق اہم اعلان

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی معروف اداکار و گلوکار عاصم اظہر نے دورانِ کنسرٹ اپنی شادی سے متعلق اہم اعلان کر دیا۔
امریکا کے شہر ہیوسٹن میں منعقدہ حالیہ کنسرٹ کے مختصر ویڈیو کلپ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو رہے ہیں۔ ایسی ہی ایک وائرل ویڈیو میں گلوکار نے اپنی شادی سے متعلق اہم اعلان کیا ہے۔
یوں تو اداکارہ ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کی شادی سے متعلق افواہیں کافی عرصے سے گردش کر رہی ہیں تاہم حالیہ کنسرٹ میں جب مداحوں نے ہانیہ عامر کے نعرے بلند کیے تو گلوکار نے بھی اسٹیج پر اپنی شادی سے متعلق بات چھیڑ دی۔
مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی۔ وائرل ویڈیو میں عاصم اظہر کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ دعا کرو! جب بھی شادی ہو تو آپ کو خیر خیریت سے بتا دوں۔
اس کے ساتھ ہی گلوکار نے ہلکے پھلکے انداز میں مداحوں کو شادی میں مدعو کرتے ہوئے کہا کہ سب لوگ میری شادی میں باراتی بن کر آنا، یہ سنتے ہی مداحوں نے اس بات کو ایک بار پھر ہانیہ عامر سے جوڑ دیا اور اداکارہ کے نام کے نعرے زور و شور سے بلند کیے۔
مذکورہ ویڈیو وائرل ہو گئی جس پر صارفین قیاس آرائیاں کر رہے ہیں کہ ممکنہ طور پر یہ ان کی شادی کا کوئی اشارہ ہو تاہم گلوکار و اداکارہ نے اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے۔




