25 اور 26 فروری کو عام تعطیل کا اعلان

خلیجی ملک کویت کی حکومت نے قومی دن اور یومِ آزادی کے موقع پر 2 روزہ عام تعطیل کا اعلان کر دیا، جس کے نتیجے میں سرکاری ملازمین کو 4 دن کی مسلسل چھٹیاں میسر آئیں گی۔
یہ فیصلہ کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت وزیر اعظم شیخ احمد العبداللہ الصباح نے کی، سرکاری اعلامیے کے مطابق بدھ 25 فروری اور جمعرات 26 فروری کو تمام سرکاری وزارتوں، تعلیمی اداروں اور عوامی محکموں میں کام مکمل طور پر معطل رہے گا۔
ذہن نشین رہے کہ کویت میں جمعہ اور ہفتہ پہلے ہی ہفتہ وار تعطیل کے دن ہوتے ہیں، اس طرح 25 اور 26 فروری کی سرکاری چھٹیوں کے ساتھ ملا کر سرکاری ملازمین کو 4 دن کی طویل تعطیلات مل جائیں گی، دفاتر میں کام کا دوبارہ آغاز اتوار یکم مارچ سے ہوگا۔ حکام کے مطابق وہ ادارے جو خصوصی نوعیت کی خدمات انجام دیتے ہیں، جیسے سیکیورٹی، صحت اور دیگر اہم عوامی خدمات سے وابستہ محکمے، عوامی مفاد کے پیشِ نظر اپنی ڈیوٹی شیڈول کا انتظام خود کریں گے تاکہ ضروری سہولیات کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ خیال رہے کہ یہ تعطیلات کویت کے 65 ویں قومی دن اور 35 ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے منائی جا رہی ہیں، جو ملکی تاریخ میں خصوصی اہمیت کے حامل مواقع ہیں۔




