کیا آپ کمر درد سے پریشان ہیں؟ اس کو ختم کرنے کامستقل حل ممکن ہے

کمر کے نچلے حصے کا درد ایسی تکلیف ہے جو انسان کی روزمرہ زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیتی ہے تاہم ماہرین کے مطابق تھوڑی سی توجہ دے کر اس کمر کے درد سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔
کبھی ہلکی سی کھچاؤ اور کبھی ناقابلِ برداشت درد، جو بستر سے اٹھنے، کرسی پر بیٹھنے، جھکنے یا بچوں کو گود میں لینے جیسے معمولی کاموں کو بھی مشکل بنا دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں کمر درد ڈاکٹر سے رجوع کرنے اور کام سے چھٹی لینے کی بڑی وجوہات میں شمار ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق کمر کے نچلے حصے کا درد کسی ایک عمر یا طبقے تک محدود نہیں۔ یہ نوجوانوں کو بھی متاثر کر سکتا ہے اور عمر رسیدہ افراد میں بھی عام ہے۔ اچھی خبر یہ ہے کہ بروقت تشخیص، درست علاج اور طرزِ زندگی میں تبدیلی سے نہ صرف اس درد پر قابو پایا جا سکتا ہے بلکہ مستقبل میں اس سے بچاؤ بھی ممکن ہے۔
نچلی کمر میں درد کیوں ہوتا ہے؟
کمر درد کی سب سے بڑی وجہ ہماری روزمرہ عادات ہیں۔ دیر تک غلط انداز میں بیٹھنا، موبائل فون استعمال کرتے ہوئے گردن اور کمر کو جھکائے رکھنا، وزنی اشیا کو غلط طریقے سے اٹھانا یا اچانک زیادہ محنت والی ورزش کرنا ریڑھ کی ہڈی پر اضافی دباؤ ڈالتا ہے۔
اس کے علاوہ ریڑھ کی ہڈی کی ڈسک کا باہر نکل آنا یا پھٹ جانا، عمر کے ساتھ جوڑوں اور ڈسکس کا گھس جانا، جسمانی سرگرمی کی کمی، موٹاپا اور ذہنی دباؤ بھی کمر درد کی بڑی وجوہات ہیں۔
درد کی عام علامات
نچلی کمر کا درد اکثر ہلکی سختی یا کھچاؤ سے شروع ہوتا ہے، جو چلنے پھرنے یا بیٹھنے سے بڑھ جاتا ہے۔ بعض مریضوں میں یہ درد ٹانگوں تک پھیل جاتا ہے، جسے عرق النساء (سائٹیکا) کہا جاتا ہے۔ ٹانگوں میں سن پن، جھنجھناہٹ یا کمزوری اس بات کی علامت ہو سکتی ہے کہ کوئی نس دب رہی ہے۔
بھارتی اسپتال سے وابستہ سینئر کنسلٹنٹ نیورولوجی ڈاکٹر سید عثمان کے مطابق اگرچہ زیادہ تر کمر درد آرام اور مناسب دیکھ بھال سے ٹھیک ہو جاتا ہے، لیکن اگر چار سے چھ ہفتے تک درد برقرار رہے، یا ٹانگوں میں شدید کمزوری، سن پن یا پیشاب اور پاخانے پر قابو نہ رہے تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔ یہ علامات ایک سنگین حالت، کاوڈا ایکوائنا سنڈروم کی نشاندہی بھی کر سکتی ہیں۔
علاج اور فوری آرام کے طریقے
اگر کمر کا درد اچانک شروع ہو جائے تو ایک یا دو دن کا آرام فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے، تاہم زیادہ دیر تک بستر پر لیٹے رہنا درد کو مزید بڑھا سکتا ہے۔
عارضی آرام کے لیے شدید درد کی صورت میں برف اور اکڑن کی حالت میں گرم پانی یا گرم پیک استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ درد کم کرنے کے لیے پیراسیٹامول یا آئبوپروفین جیسی ادویات لی جا سکتی ہیں، جبکہ نسوں کے درد میں ڈاکٹر گاباپنٹن یا پریگابالن تجویز کر سکتے ہیں۔
شدید یا دیرینہ درد کی صورت میں فزیوتھراپی نہایت مؤثر ثابت ہوتی ہے، جس کے ذریعے ریڑھ کی ہڈی کو مضبوط بنانے اور حرکت بہتر بنانے والی ورزشیں کرائی جاتی ہیں۔ بعض مریضوں میں اسٹیرائڈ انجیکشنز، ایپی ڈورل انجیکشن، فیسٹ جوائنٹ انجیکشن یا ریڈیو فریکوئنسی ایبلیشن جیسے جدید طریقۂ علاج بھی اختیار کیے جاتے ہیں۔
سرجری کب ضروری ہوتی ہے؟
ماہرین کے مطابق سرجری کو ہمیشہ آخری حل سمجھا جاتا ہے۔ یہ صرف اسی صورت میں کی جاتی ہے جب دیگر تمام علاج ناکام ہو جائیں اور اعصابی نقصان یا مثانے اور آنتوں کے کنٹرول میں مسئلہ پیدا ہو جائے۔ عام سرجریوں میں لامینیکٹومی، ڈسیکٹومی اور اسپائنل فیوژن شامل ہیں۔
بحالی اور مستقبل میں بچاؤ
درد کم ہونے کے بعد علاج کا مرحلہ ختم نہیں ہوتا۔ اصل کامیابی بحالی اور احتیاط میں ہے۔ بنیادی عضلات کو مضبوط بنانے والی ورزشیں، جیسے پلینک اور برج، ریڑھ کی ہڈی کو سہارا دیتی ہیں۔
درست انداز میں بیٹھنا، ایرگونومک کرسی کا استعمال، لمبے عرصے تک جھک کر بیٹھنے سے پرہیز، ہلکی جسمانی سرگرمیاں جیسے چہل قدمی اور تیراکی کمر کے لیے مفید ہیں۔ اس کے ساتھ صحت مند وزن برقرار رکھنا، ذہنی دباؤ کم کرنا، کیلشیم اور وٹامن ڈی سے بھرپور غذا استعمال کرنا اور سگریٹ نوشی ترک کرنا نہایت ضروری ہے۔
امید کی بات
کمر درد کے ساتھ زندگی گزارنا بلاشبہ مشکل ہوتا ہے، مگر یہ لاعلاج نہیں۔ اپنے درد کو سمجھ کر، بروقت علاج کروا کر اور طرزِ زندگی میں مثبت تبدیلی لا کر آپ دوبارہ متحرک اور بھرپور زندگی کی طرف لوٹ سکتے ہیں۔




