جنگ کے خاتمے کیلئے امریکا اور ایران فریم ورک معاہدے کے قریب پہنچ گئے: امریکی میڈیا

امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق امریکا اور ایران جنگ کے خاتمے کے لیے فریم ورک معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں اور امریکی اور ایرانی عہدیداروں کے درمیان مذاکرات میں منگل کے روز پیش رفت ہوئی۔
امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس نے امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے اور دونوں فریق جنگ کے خاتمے کے لیے ایک فریم ورک معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
ویب سائٹ کے مطابق دو امریکی حکام نے بتایا کہ منگل کو ہونے والی بات چیت میں اہم پیش رفت سامنے آئی تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کے باعث معاہدہ ابھی یقینی نہیں۔
امریکی ویب سائٹ کا مزید کہنا ہے کہ امریکی حکام کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مذاکراتی ٹیم مسلسل رابطوں اور مسودوں کے تبادلے میں مصروف ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق تیسرے امریکی عہدیدار نے کہا کہ ’ہم معاہدہ کرنا چاہتے ہیں اور ایرانی حکومت کے کچھ حصے بھی اس کے خواہاں ہیں لیکن اب اصل چیلنج یہ ہے کہ وہاں پوری حکومت کو اس پر آمادہ کیا جائے‘۔




