لبنان پر اسرائیل کے سفاکانہ حملے، سلامتی کونسل میں شکایت درج

لبنان نے جنگ بندی معاہدے پر جاری مذاکرات کے دوران اسرائیل کے 8 اپریل کو ملک بھر میں کیے گئے فضائی حملوں پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں باضابطہ شکایت درج کرا دی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اس بات کا اعلان لبنانی وزارتِ خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔
جس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے 8 اپریل کو 100 سے زائد فضائی حملے کیے جن میں دارالحکومت بیروت سمیت مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ حملے گنجان آباد رہائشی علاقوں پر مصروف اوقات میں کیے گئے اور شہریوں کو کسی قسم کی پیشگی وارننگ بھی نہیں دی گئی تھی۔
لبنانی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اسرائیلی حملے بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کی صریح خلاف ورزی اور شہری آبادی کو براہِ راست خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہیں۔
لبنانی حکام کے مطابق ان حملوں میں اب تک کم از کم 303 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں 30 بچے اور 71 خواتین شامل ہیں، جبکہ 1,150 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
لبنان نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لے اور شہریوں کے تحفظ اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے۔




